لاہور،چیچہ وطنی(وقائع نگار،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر،نمائندہ92نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں اختلاف نہیں ،پوری ٹیم متحد ہے ،پنجاب میں ٹیم ورک کے طورپر عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چڑیا گھر میں دبئی کے حکمران کی طرف سے ملنے والے 18شیر اور چیتے دینے کی تقریب میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے جب سوال کیا گیا کہ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ اگر پارٹی میں سب کچھ جہانگیر ترین نے ہی کرنا ہے تو ہم آلو چنے بیچنے آئے ہیں تو انہوں نے کہا کہ گورنر چودھری سرور نے جو بھی جہانگیر ترین کے معاملے پر کہا مذاق ہے ۔ہم متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اوردبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے اس تحفے پر شکر گزار ہیں۔تحفے میں ملنے والے شیروں اورچیتوں کی قیمت تقریباً 10کروڑ روپے ہے ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین،غلام سرور خان،صوبائی وزرا ،سردار سبطین خان،سیدصمصام بخاری اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے 90 شاہراہ قائد اعظم پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، سیاسی صورتحال اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔اجلاس میں اراکین نے نشستوں پر کھڑے ہوکر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم عثمان بزدار کے ساتھ ہیں اورساتھ کھڑے رہیں گے ۔ہم وزیراعظم عمران خان اورعثمان بزدارکے سپاہی ہیں۔عوامی خدمت کے سفر میں آپ کے شانہ بشانہ رہیں گے ۔بزدار اچھے وزیراعلیٰ ہیں ان جیسا وزیراعلیٰ ہماری خوش قسمتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عام آدمی کو ریلیف دیں گے ۔وزراء اورسیکرٹریزرمضان بازاروں کے دورے کریں گے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں ایل ڈی اے سٹی فیزون کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی پلاٹنگ کا کام 8 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے میں خصوصی افراد کے بھرتی کے کوٹہ پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ فائل سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں 3 بس ٹرمینل بنائے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے لاہور ڈویژن ماسٹر پلان 2040 کیلئے کنسلٹنٹ اور دیگر امور کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور رنگ روڈ اتھارٹی آفس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے کمپلیکس کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور رنگ روڈ اتھارٹی آفس کمپلیکس کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ کو لاہور رنگ روڈ اتھارٹی آفس کمپلیکس کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ کے اردگرد 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج چیچہ وطنی میں گندم کٹائی کا افتتاح کریں گے ۔