لاہور(نامہ نگار)متحدہ لوکل اتحاد منی ٹرانسپورٹ کونسل کی جانب سے اربن ٹرانسپورٹ کو فوری بحال نہ کرنے پر پہیہ جام ہڑتال کی کال دے دی ہے گزشتہ روز لوکل ٹرانسپورٹروں نے ٹاؤن ہال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر ٹرانسپورٹروں ،ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کی بڑی تعداد موجود تھی ،ٹرانسپورٹروں نے اپنی ویگنیں ٹاون ہال ک باہر کھڑی کر دیں جس کے باعث ٹریفک کا نطام بھی درہم برہم ہوا ،اس موقع پر چیئر مین لوکل اتحاد ٹرانسپورٹ فیڈریشن لالہ بشیر اور صدر دلدار پرویز نے کہا کہ گزشتہ 4 ماہ سے اربن روٹ بند ہونے سے 10ہزارسے زائد افراد بے روزگار ہو چکے ہیں،ٹرانسپورٹروں سمیت ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کا 2 وقت کی روٹی کھانا مشکل ہو گیا ہے ،ہم اربن روٹ پر حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنے کوتیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کی طرح لوکل ٹرانسپورٹ کو فوری چلانے کا اعلان کریں ورنہ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارا امتحان نہ لے ،فوری اقدامات نہ کئے گئے توپہیہ جام ہڑتال ہوگی۔