لاہور(وقائع نگار،سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ریسکیو 1122 کے 15 سال مکمل ہونے پر تقریب میں ریسکیو کے 3400 اہلکاروں کو مستقل کرنے کا اعلان کر دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے تین برس کی ملازمت مکمل کرنے والے ملازمین کو دو ہفتوں میں ریگولر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو1122کے ملازمین کیلئے سروس سٹرکچر 2ہفتے میں مکمل کر کے نافذ کیاجائے گا ۔ ریسکیورز کے 50فیصد ایمرجنسی الاؤنس کو بحال کرنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں 7 منٹ کا اوسط رسپانس ٹائم برقرار رکھنے کا ریکارڈقابل ستائش ہے ۔وزیراعلیٰ نے ریسکیو 1122کی 15ویں سالگرہ پر کیک بھی کاٹا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے شہروں اوردیہات میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نیا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے ۔اس پروگرام کیلئے 27 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔ 16 شہروں کو پنجاب سٹیز پروگرام میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ تحصیل کی سطح کے 100 شہروں کی ماسٹر پلاننگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ میں ضرورت کے تحت خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ خالی اسامیوں پر ضرورت کے تحت بھرتی کیلئے فوری اقدامات کرے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب خصوصاً ڈیرہ غازی خان میں فلاح عامہ کی بعض سکیموں میں سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تساہل اور غفلت برتنے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کی جائے ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسکہ کے علاقے جیسر والا میں 8 سالہ بچے کی لاش برآمد ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں دیہی خواتین کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلی آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کسان اتحاد کے مرکزی چیئرمین انور اور دیگرعہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں کسانوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔