اسلام آباد(وقائع نگار)رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ترسیلات زر کا حجم 10 ارب ڈالر سے بڑھ گیا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں جولائی تا اکتوبر 2021 کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کی جانے والی ترسیلات زر میں 12 فیصد اضافہ ہوا ۔ اس دوران دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں نے 10.6 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 9.4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی گئی تھیں ۔