لاہور(کلچرل رپورٹر ) لاہور آرٹس کونسل الحمرا بچوں کی ذہنی ،تعمیری، تخلیقی تربیت کے لئے بلاتعطل منفردپروگرام منعقد کر رہا ہے ۔اس حوالے سے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں 13روزہ تیسری ’’چلڈرن ڈرائنگ ورکشاپ‘‘ جاری ہے جس کا آج چوتھا روز تھا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان نے ورکشاپ کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مثبت سرگرمیاں بچوں کے سماجی قواعد و ضوابط سیکھنے کا بھی ذریعہ ہیں،باشعور اقوام اپنے ہونہاروں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیتی ہیں،ورکشاپ میں شرکت کرنے والے بچوں کے ذوق وشوق میں دن بہ دن اضا فہ ہورہا ہے ۔ بچے نئی نئی ڈارئنگ بنانا سیکھ کر بھرپور لطف اندوز ہورہے ہیں۔الحمرا کے تربیتی پروگرام بچوں کے مستقبل کو روشن بنانے کے لئے ٹھوس بنیادیں فراہم کر رہے ہیں۔ چلڈرن ڈرائنگ ورکشاپ 26جولائی تک جاری رہے گی۔ورکشاپ کے اختتام پر بچوں میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے جائیں گے ۔