لاہور (فورم رپورٹ:رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری ) معروف معالجین نے قراردیا ہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں کمی ہو ئی ہے اور فی الحال وبا کی صورتحال کنٹرول میں ہے ۔ روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے معروف معالج اور یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد اب بڑھ نہیں رہی جبکہ پنجاب میں باقی صوبوں کی نسبت صورتحال بہتر ہے ۔ کورونا کی ویکسین کچھ لوگو ں کو لگائی گئی ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج مل رہے ہیں ۔ کورونا سے بچائو کے ایس او پیز پر عوام کو ا بھی سختی سے عمل کرنا چاہئے ورنہ ملک بھر میں وبا کا پھیلائو ایک مرتبہ پھر بڑھ سکتا ہے ۔معروف معالج ڈاکٹر اظہار چوہدری نے کہا کہ لوگ گھروں میں قرنطینہ ہو رہے ہیں اسلئے کورونا کے مریضوں کی اصل تعداد کاپتہ نہیں چل رہا۔تاہم حکومتی سطح پر جو تعداد کورونا کیسزکی بتائی جا رہی ہے وہ تو حوصلہ افزا ہے ۔ لوگوں کے اندر ابھی تک خوف ہے ان کو گائیڈ کرنے کی ضرورت ہے ۔ آ ل پاکستان فیملی فزیشنز کے صدر ڈاکٹر طارق میاں نے کہا کہ مجموعی طور پر کورونا کے کیسز کم ہو گئے ہیں اور جو کیسز سامنے آ رہے ہیں وہ پہلے کی طرح سیریس نہیں ۔ کورونا کیخلاف قوت مدافعت کو بہتر بنانے کیلئے وٹامن ڈی کا استعمال انتہائی ضروری ہے ، مہینے میں ایک بار وٹامن ڈی کا انجکشن لے لیں یا ہفتہ میں دو بار وٹامن ڈی کی گولیاں کھا لیں، اسکے علاوہ ایس او پیز کے تحت ماسک، سماجی فاصلہ وغیرہ پر عمل کرنا چاہئے ۔