لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )بلوچستان میں دہشتگردوں کے سلیپر سیلز کے متحرک ہونے میں بھارت ملوث ہے ، افغانستان اور ایران سرحد پر باڑ لگانے تک دہشتگردی رہے گی ،ان خیالا ت کا اظہار دفاعی و عسکری امور کے ماہرین نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جنرل (ر)محمد منشا نے کہا کہ بلوچستان میں جس طرح سے سلیپر سیلز متحرک ہوئے ، یہ بات تو کلئیر ہے کہ اس کے پیچھے بھارت ہے اور اس کے مغربی دوست جس میں امریکہ شامل ہے وہ پریشر ڈال کر افغانستا ن میں اپنے مطالبات منوانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایس اور سی آ ئی اے کا بلوچستان میں گٹھ جوڑ ہے ،یہ قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں ۔معروف تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا کہ بلوچستان میں جس طرح سے بی ایل اے سرگرم ہوئی ہے ۔ یہ قوتیں ایک تیر سے دو شکار کرنا چا ہتی ہیں ایک تو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں دوسرا چین کو بھی پریشر میں رکھنا چاہتی ہیں کیونکہ بلوچستان سی پیک میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کو غیر ملکی عناصر سپورٹ کر ر ہے ہیں،ان کو تازہ فنڈنگ ہوئی ۔معرو ف تجزیہ کار بریگیڈئیر (ر)فاروق حمید نے کہا کہ بھارت اور امریکہ مل کر سی پیک کو ختم نہیں کر سکے اور گوادر کا معاملہ بھی چل ر ہا ہے اب ان کے پاس ایک ہی حربہ بچا ہے کہ وہ پاکستان کو غیر مستحکم کریں۔انہوں نے کہا کہ جب تک افغانستان سرحد اور ایران کی سرحد پر مکمل باڑ نہیں لگا دی جاتی دہشتگردی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ چابہار سے معاملہ ختم ہو نے سے بھارت کو بہت تکلیف ہے ۔اب ایران کا جھکائو چین کی جانب ہو گیا اور بھارت بیک فٹ پر چلا گیا ۔