اسلام آباد (لیڈی رپورٹر)مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے روس کے شہر سوچی میں عالمی والنٹیئرز کانفرنس ہوئی جس میں کشمیر سٹال توجہ کا مرکز بنا رہا۔ کشمیر سٹال کا اہتمام کشمیر یوتھ الائنس کے ترجمان مخدوم شہاب الدین نے کیا، دنیا بھر سے آئے وفود نے کشمیر سٹال کا دورہ کیا اور مسئلہ کشمیر کی تاریخ، حقائق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ نوجوان ایکٹیوسٹ مخدوم شہاب الدین نے کہا کہ روس میں دنیا بھر سے آئے نوجوانوں نے کشمیر کے مسئلے پر بھارت کو آڑے ہاتھوں لیا، نوجوانوں کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا مکمل حق ہے جو حق انہیں اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی دیتی ہیں۔ کشمیر کے حوالے سے عالمی فورم پر موثر آواز اٹھانے پر کشمیر یوتھ الائنس کے چیئرمین سعد ارسلان صادق، صدر ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے مخدوم شہاب کو خراج تحسین پیش کیا۔