لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )نیب کے آ فس کے باہر جس طرح سے مریم نواز اور لیگی کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا وہ پری پلان تھا اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ن لیگ ایک مافیا اور اداروں پر حملے کرنا ان کا طرز سیاست ہے ۔ حکومت نے احتساب کو انتقام کا نام دیا ہوا ہے اور جو کچھ ہو رہا ہے اس کے پیچھے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی آمرانہ سوچ کار فرما ہے ، ان خیالا ت کا اظہار سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ن لیگ کے سینئر رہنما سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ جو کچھ نیب کے آ فس کے باہر مریم نواز کے اور لیگی کارکنوں کے ساتھ ہو ا، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے نیب انتظامیہ نے جس طرح سے رد عمل دیا، وہ انتہائی افسوسناک ہے انہوں نے کہا کہ پلان کے مطابق ماحول کو خراب کیا گیا ہر بات میں طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے اس سے حکومت کی آ مرانہ سوچ واضح ہوتی ہے ۔مسلم لیگ ق کے رہنما کامل علی آ غا نے کہا کہ ن لیگ ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک مافیا بن چکا ہے اور اداورں پر حملے کرنا اس جماعت کا وتیرہ رہا ہے ن لیگ یہ رویہ اس لیئے اپناتی ہے تا کہ ان کا احتساب نہ ہو جو کچھ ن لیگ نے نیب کے باہر کیا ، اب پیپلزپارٹی بھی یہی سب کچھ کرے گی کیونکہ یہ دونوں جماعتیں احتساب سے خوفزدہ اور بچنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں۔جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان نے اپنے طرز حکمرانی کی وجہ سے احتساب کو مذاق بنا دیا ہے اور احتساب کو انتقام کا عنوان دے دیا ۔