لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )خطہ کے حالات پاکستان کے حق میں ہوتے جا رہے ہیں، پاکستان ، ایران ، چین اور روس کی صورت میں ایک نیا بلاک بننے جا رہا ، چا بہار منصوبہ میں بھارت کی شرکت پر پاکستان کو شدید تحفظات تھے اب ایران نے اس پر نظر ثانی کی ہے تو یہ خوش آ ئند ہے ، ان خیالا ت کا اظہار خارجہ اور دفاعی امور کے ماہرین نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، یوکرائن میں پاکستان کے سفیر جنرل (ر)زاہد مبشر شیخ نے کہا اس وقت خطہ کے حالات پاکستان کیلئے مفید ہوتے جا رہے ہیں ایران کا ماضی میں رویہ یہ تھا کہ وہ بھارت کو ترجیح دیتا تھا ، کلبھوشن بھی وہیں سے آیا تھا، اب بھارت نے جو کچھ کشمیر میں کیا، اس سے بھی ایران کے رویہ میں تبدیلی آ تی جا رہی ہے ۔معروف تجزیہ کار بریگیڈئیر (ر)محمود شاہ نے کہا کہ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ اس خطہ کے حالات اب سچائی کی طرف جا رہے ہیں، اب کسی بھی ملک کی دوغلی پالیسی نہیں چلے گی ، امریکہ اس خطہ میں چین کو کمزور کرنا چاہتا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ بھارت اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے ، خطہ میں بھارت آئو ٹ اور پاکستان اور چین ان ہونے جا رہے ہیں ۔معروف تجزیہ کار عبد اﷲ گل نے کہا کہ افغان ٹریڈ ٹرانزٹ منصوبہ سے یقینی طور پر ہمیں بھی فائدہ ہو گا، ہمیں اپنے فیصلے افغانستان کے مستقبل کے ساتھ جوڑنے چاہئیں ، ایران نے بھی دیکھ لیا کہ آ نے والے وقت میں طاقت کا جھکاؤ چین کی طرف ہو گا ۔جب چا بہار منصوبہ میں بھارت کو شامل کیا گیا تھا تو یہ سی پیک کیلئے خطرہ کی گھنٹی تھی اور اگر اب ایران نے اس پر نظر ثانی کی ہے تو یہ خوش آ ئند بات ہے ۔