لاہور (فورم رپورٹ : را نا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )معروف معالجین اور ماہر غذائیات نے قراردیا ہے کہ کورونا ایک حقیقت ہے اور عوام کو اس حقیقت کو تسلیم کر ناہوگا، ایس او پیز پر عمل اورخود میں قوت مدافعت کے بغیرکورونا سے بچائو ناممکن ہے ۔روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے معروف چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر ممپال سنگھ نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر میں بچے بھی تیزی سے متاثرہو رہے ہیں۔ بچوں کیلئے بھی وہی احتیاطی تدابیر ہیں جو کہ بڑوں کیلئے ہیں۔ بچوں کو گھروں کے اندر رکھیں اور ان کو پر ہجوم جگہوںپر لیجانے سے احتیاط کرنی چاہئے ۔چونکہ بچوں کی قوت مدافعت بہتر ہوتی ہے اسلئے انکے ریکوری کے چانسز زیادہ ہوتے ہیں ۔ معروف ماہر غذائیات ڈاکٹر جویریہ محمود نے کہا کہ رمضان المبارک میں انسان کی قوت مدافعت کم ہو جاتی ہے جس کو بہتر بنانے کیلئے سب سے پہلے توکھجور، وٹامن سی اور متوازن غذا کا استعمال کرنا چاہئے ۔ سحری اور افطاری میں موسمی پھل خربوزہ ، تربوز سیب اور کیلے کا استعمال کرنا چاہئے تا کہ قوت مدافعت بہتر رہے ۔ لہسن کا ایک ٹکڑا روز کھانا چا ہئے اور اس کیساتھ ادرک کا قہوہ کا استعمال بھی کریں ۔ کورونا کی جو صورتحال ہے اس میں ٹھنڈے پانی اور مشروبات سے پرہیز کرنا چاہئے ۔معروف ڈاکٹر اظہار چودھری نے کہا کہ کورونا سے بچائو کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ ایس او پیز پر عمل کیا جائے اور ماسک لگانے کو زندگی کا حصہ بنا لیا جائے ۔ ہم ترقی پذیر ملک کے باشندے ہیں اگر ہسپتالوں میں زیادہ بوجھ پڑ جائے تو ہم علاج نہیں کر پائیں گے ، اس سے بچنے کا آ سان راستہ ہے کہ ایس او پیز پر عمل کر لیا جائے ۔ کورونا کی صورتحال سنجیدہ ہے اور اس وقت تمام ہسپتالوں میں 85فیصد بیڈ بھرے ہوئے ہیں۔ اس بیماری میں سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ آ کسیجن لیول کم ہو جاتا ہے اور اس کو برقرار رکھنے کیلئے ہسپتال جانا پڑتا ہے ۔