لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل رپورٹ ایک مذاق ہے ، کرپشن پر ن لیگ کے اہم رہنماوں کو نیب کورٹس اور سپریم کورٹ سے سزائیں ہو چکی ہیں ، موجودہ حکومت کا ابھی تک کرپشن پر کوئی سکینڈل سامنے نہیں آ یا ، ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل رپورٹ سے یہ ثابت ہوا کہ حکومت نے نیب کا ادارہ کرپشن کو ختم کرنے کیلئے نہیں بلکہ سیاسی انتقام کیلئے بنایا ہے ، حکومت جو اعداد و شمار جاری کرتی ہے ، عالمی اداروں کی رپورٹس ان کے بر عکس ہوتی ہیں ، ان خیالا ت کا اظہار مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز ملک نے کہا حکومت خود سے اعداد و شمار جاری کر کے لوگوں کو بے وقوف بنا رہی ہے حکومت کا پول عالمی اداروں کی رپورٹس کھول کر رکھ دیتے ہیں ، اب ٹرانسپرینسی انٹر نیشنل کی رپورٹ آ ئی ہے جو حکومتی اعداد و شمار کے بالکل بر عکس ہے ، حکومت نے کہا تھا وہ 3 ماہ میں کرپشن کو ختم کر دے گی لیکن اب کرپشن مزید بڑھ گئی ہے ، جو صورتحال ہو گئی ہے عوام حکومت کے کسی اعدادو شمار پر اعتبار کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔ عوام ا ب خود اس حکومت سے جان چھڑانا چاہتی ہے ، پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی حالیہ رپورٹ آ نے سے پہلے عمران خان ہمیشہ اس کا حوالہ دیتے تھے ، اب یہ رپورٹ حکومت کے خلاف آ گئی تو حکومت اس ادارے کے خلاف ہو گئی ، حکومت نے اپوزیشن کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے حکومت نیب کے ادارے کو کرپشن کو ختم کرنے کیلئے نہیں بلکہ سیاسی انتقام کیلئے استعمال کر رہی ہے ، حکومت اب تک کرپشن کے نام پر ایک روپیہ نہیں نکلوا سکی ، صرف سیا سی پوائنٹ سکورنگ کی جا رہی ہے ، تحریک انصاف کے رہنما نذر محمد گوندل نے کہا یہ کہنا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں کرپشن کم تھی اس سے زیادہ مذاق کیا ہو سکتا ہے ، ن لیگ کے رہنماوں کو نیب کورٹس اور سپریم کورٹ سے سزائیں ہو چکی ہیں اور یہ سزائیں کرپشن پر ہوئی ہیں ، ٹرانسپرنسی کی حالیہ رپورٹ صرف ایک مذاق ہے ، یہ ملی بھگت سے جاری کی گئی ، موجودہ حکومت میں کوئی کرپشن ہوتی تو اب تک کوئی نہ کوئی بڑا سکینڈل سامنے آ چکا ہوتا لیکن ابھی تک ایسا کچھ نہیں ہے ۔