لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )ایف اے ٹی ایف جیسے انٹرنیشنل کالے قوانین مضبوط قوموں کو غلام رکھنے کیلئے ہوتے ہیں ، انڈیا کی ہمیں بلیک لسٹ کروانے کی بھرپور کوشش کے باجود ہمیں گرے لسٹ میں رکھا گیا ہے جو کہ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے ، کسی بھی ملک کا گرے لسٹ یا بلیک لسٹ سے نکلنا اس کی کارکردگی سے مشروط نہیں بلکہ یہ عالمی سیاست کے ساتھ لنک ہوتا ہے ، امریکہ نہیں چاہتا کہ ہمیں گرے لسٹ سے نکالا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار خارجہ و عسکری امور کے ماہرین نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔یوکرائن میں پاکستان کے سفیر جنرل (ر)زاہد مبشر شیخ نے کہا کہ کسی بھی ملک کا گرے لسٹ یا پھر بلیک لسٹ سے نکلنے کا تعلق کارکردگی سے نہیں بلکہ عالمی سیاست سے ہو تاہے ،بڑی طاقتیں ہمارے جیسے ممالک کو ایسے ہی دباتے ہیں اور ایسے ہی پریشر میں رکھتے ہیں ، ہمیں بھی سوٹ کرتا ہے کہ ہم اسی بہانے اپنا آ پ مزید سیدھا کر لیں اور پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ کر لیں اور فنانشنل معامالات کو قابو کر لیں انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اپنی کوششوں کو جاری رکھنا ہو گا ۔ائیر مارشل (ر)مسعود اختر نے کہا کہ بھارت کی پوری کوشش تھی کہ ہمیں گرے لسٹ سے بلیک لسٹ میں کر دیا جائے لیکن تمام تر سازشوں کو باوجود ہم گرے لسٹ میں برقرار ہیں اور امید ہے کہ اگلے اجلا س میں ہم گرے لسٹ سے بھی نکل جائیں گے یہ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے ، یہ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کا ہی نتیجہ ہے کہ امریکہ جیسے ملک نے بھی ایف اے ٹی ایف میں ہمیں سپورٹ کیا ہے ۔ معروف تجزیہ کار عبد اﷲ گل نے کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا مقصد ہی یہی ہے کہ پاکستان کو ہندوستان کے مقابلے میں دبایا جائے ، گرے لسٹ کی تلوار ہم پر اس لیئے بھی لٹکائی گئی ہے کیونکہ بڑے ممالک کو پتہ ہے کہ اگر ہمیں فری ہینڈ دے دیا گیا تو جہادی قوتیں کشمیر میں بھارت کو ناکوں چنے چبوا سکتی ہیں جب تک امریکہ بھی افغانستان سے مکمل انخلاء نہیں کر جاتا ہمیں گرے لسٹ میں ر کھا جائے گا ، ایف اے ٹی ایف اور ایسی ہی دوسری تنظیمیں صرف ہمارے جیسے ممالک کو دبانے کیلئے رکھی گئی ہیں ۔