لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )بھارتی پروپیگنڈہ کے جواب کیساتھ ساتھ ہمیں اپنی صفوں میں چھپے ہوئے بھارتی حواریوں کو بھی بے نقاب کر کے ان کیخلاف کارروائی کرنا ہو گی جو بھارتی زبان بولتے ہیں ۔ بھارت نے پاکستان کیخلاف سارا پروپیگنڈہ جھوٹ کی بنیاد پر کیا ہے ، پاکستان کو ثبوت عالمی برادی کے حوالے کرنے چاہئیں۔ان خیالا ت کا اظہار عسکری و خارجہ امور کے ماہرین نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ یوکرائن میں سابق سفیر جنرل (ر)زاہد مبشر شیخ نے کہا پاکستان پہلے بھی بھارتی پروپیگنڈہ کا جواب دیتا رہا ہے ، ہم اب بھی جواب دے رہے ہیں لیکن اس کیساتھ ساتھ جو ہماری اپنی صفوں میں جو لوگ اور سیاستدان بھارتی زبان بول رہے ہیں ان کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے ، یہ لوگ اپنے ہی ملک کیخلاف پراپیگنڈہ کر رہے ہیں ،ان لوگوں کیساتھ سختی سے نمٹنا چاہئے ۔ بھارت جو پاکستان کیخلاف پراپیگنڈہ کرتا رہا ہے ،ہمیں یہ سب ثبوت اکٹھے کر کے عالمی برادری کو دینے چاہئیں ۔معروف تجزیہ کار عبداﷲ گل نے کہا پاکستان اور بھارت کا موازنہ نہیں ہو سکتا، ایک تو بھارت بڑا ملک اور اس کی آ بادی زیادہ ہے اور پوری دنیا میں ان کے لوگ موجود ہیں، بائیڈن کی کیبنٹ میں بھی اہم عہدوں پر بھارتی نژادہیں اسلئے بھی بھارتی پراپیگنڈہ کو عالمی دنیا میں پذیرائی مل جاتی ہے ۔ پاکستان کو اپنا سچ بھارتی جھوٹ کے مقابلے میں دنیا کے سامنے رکھنا چاہئے ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ مودی سرکار تقسیم کا شکار اوریہ وقت بھارت کی تقسیم کا ہے ۔ معروف تجزیہ کار حسن عسکر ی نے کہا پاکستان بھارتی پراپیگنڈہ کے جواب میں ان ایشوز کو دنیا کے سامنے اٹھا تا رہا ہے اور ثبوتوں کو بھی دنیا کے سامنے لاتا رہا ہے ۔ انٹر نیشنل کمیونٹی اپنے چکروں میں ہوتی ہے اور اس کے پاس ایسے کسی مسئلہ کو دیکھنے کیلئے وقت نہیں ۔ پاکستان کو یورپ میں جو بھارتی فیک اکائونٹ پکڑے گئے اور گوسوامی کی چیٹ اور 2019میں بھارتی جعلی حملے کو ملا کر ثبوت یورپ کے آ گے رکھنے چاہئیں پھر ہی بھارت کو بے نقاب کیا جا سکتا ہے ۔