لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری ) عوام کی جو حالت ہو گئی ہے محسوس ہوتا ہے حالات اصل تبدیلی کی طرف جا رہے ہیں، حکومت تو نا اہل ہے ہی لیکن پارلیمنٹ میں بیٹھی اپوزیشن اس سے بھی زیادہ نا اہل ہے ، حکومت کو گرانے کیلئے کسی تحریک کی ضرورت نہیں وہ اپنی نااہلیوں کے ساتھ ہی چلی جائے گی ۔ ان خیالا ت کا اظہار سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا اپوزیشن لائحہ عمل مرتب کر رہی ہے ، بات اب صرف پریشرڈالنے سے آ گے نکل گئی ہے ، عوام سخت تکلیف میں مبتلا ہیں۔ مہنگائی اور بے انصافیوں نے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ، عوام کو کسی بھی معاملہ میں ریلیف نہیں مل رہا ،حکومت نے کورونا سے پسی ہوئی عوام کو مہنگائی کی چکی میں ڈال کر مزید پیس کر رکھ دیا ہے ،حالات اصل تبدیلی کی طرف جاتے نظر آ رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ض ) کے رہنما اعجاز الحق نے کہا ملکی تاریخ میں ایسی نا اہل اپوزیشن کبھی نہیں آ ئی،جو آ ل پارٹیز کانفرنس بلوائی جا رہی ہے وہ مفاد پرست کانفرنس ہے ، اپوزیشن جماعتوں کے اپنے اپنے مفادات ہیں، ان کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ، ملک کے ساتھ جو حکومت نے کرنا تھا کر دیا،جو اپوزیشن لیڈر یہ سمجھتا ہے کہ اس کی باری آ ئے گی ایسا کچھ نہیں ہے ، ان میں سے کسی کو کچھ نہیں ملے گا۔جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ نے کہا اپوزیشن کی صف بندی سے حکومت کو کوئی فرق پڑے گا نہ حکومت تبدیل ہو گی،حکومت خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہی ہے ،حکومت اور اپوزیشن میں موجود باقی جماعتوں کو لوگوں کے اصل مسائل کا ادراک ہی نہیں ہے ،جو بھی عوام کے ایشوز پر بات کرے گا اور ان کوحل کرنے کی کوشش کرے گا پذیرائی بھی عوام میں ان کو ہی ملے گی ۔