لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )اس مرتبہ کورونا کی وجہ سے آ ئی ایم ایف کا دبائو نہیں ہے اس لئے بجٹ میں بھی وہ سختی نظر نہیں آ ئے گی، حکومت جو بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے یہ ایک مثبت اور عوام دوست بجٹ ہو گا ۔ ان خیالا ت کا اظہار معاشی امور کے ماہرین نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ معروف معاشی ماہر ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ حکومت نے جو گروتھ ریٹ کا ہدف مقرر کیا وہ اس کو با آ سانی حاصل کر لے گی ، حکومت اس بجٹ میں آ ئی ٹی ، زراعت اور مینو فیکچرنگ کے بہت سے پروگرامز لیکر آ رہی ہے ، بجٹ میں انویسٹرز کی پروموشن اور سٹاک مارکیٹ کیلئے خصوصی مراعات ہو ں گی ۔ معروف تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا کہ اگر کورونا کنٹرول میں رہتا ہے تو اگلے مالی سال کیلئے ٹارگٹ حاصل کر لئے جائیں گے اور اگر معاملات بگڑ گئے تو پھر معیشت کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ، بجٹ میں تنخواہیں بڑھیں گی باقی روٹین کا بجٹ ہو گا ،امید ہے کہ حکومت نئے ٹیکس نہیں لگائے گی اور عوام کو اس طرح سے ریلیف دیا جا سکتا ہے ۔ معروف معاشی تجزیہ کار عابد سلہری نے کہا کہ حکومت جو بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے وہ ایک متوازن بجٹ ہو گا جو اہداف حکومت کی جانب سے مقرر کئے گئے ہیں یہ اہداف کوئی مشکل نہیں ،مشکل حالات میں حکومت گروتھ ریٹ کو 4فیصد تک لے گئی ہے ، اگر حالیہ بجٹ میں عوام کیلئے کوئی ریلیف نہیں ہو ا تو مشکلات بھی نہیں ہوں گی ۔