ماسکو(اے ایف پی)روس میں آئینی اصلاحات کے حوالے سے ریفرنڈم کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں جس کے مطابق روسی عوام کی اکثریت نے اصلاحات کے حق میں ووٹ دیا ہے جس سے صدر ولادیمیر پوٹن کے 2036تک اقتدار میں رہنے کی راہ ہموارہو گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 6روزہ ووٹنگ کے اختتام کے بعد تقریبا 30 فیصد پولنگ سٹیشنوں کے نتائج موصول ہوگئے ہیں جس کے مطابق74 فیصد رائے دہندگان نے ان اصلاحات کی حمایت کی ہے ۔آئین میں ترمیم کی چند ہفتے قبل روس کی پارلیمنٹ نے منظوری دی تھی لیکن روسی صدر پوٹن نے کہا تھا کہ انہیں قانونی حیثیت دینے کیلئے ووٹروں کی منظوری ضروری ہے ۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ٹرن آؤٹ 65 فیصد سے کم رہا۔ منگل کو صدر پوٹن نے اپیل کرتے ہوئے نے کہا تھاکہ روس کے مستقبل ،استحکام ، سلامتی ، خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے ان تبدیلیوں کی ضرورت ہے ۔