لاہور (آن لائن) روسی سفارتخانے کے تجارتی نمائندے یوری کوزلوف نے لاہور چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے ملاقات میں کہا ہے کہ روس اور پاکستان کی تاجر برادری کو بی ٹو بی روابط اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ایک دوسرے کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ایگزیکٹو کمیٹی ممبران فیاض حیدر، ذیشان سہیل ملک، واصف یوسف، حاجی آصف سحر، شفیق نٹ، عاقب آصف و دیگر بھی موقع پر موجود تھے ۔یوری کوزلوف نے کہا کہ باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ منصوبہ سازی سمیت ٹھوس اقدامات اٹھائیں، تھوڑی سی کوشش کرکے بڑے نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تجارت میں اضافے کے لیے کوششیں تیز کرنا ہونگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات معیار کے حوالے سے بہترین اور نسبتا سستی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈی میں رسائی کے لیے سہولیات دے ، دونوں ممالک کے مابین تجارتی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے بینکنگ سسٹم میں اصلاحات بے حد ضروری ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے ساتھ نیٹ ورکنگ قائم کرنے کیلئے ویزا کی سہولت میں بہتری لائی جائے ۔