ماسکو (شاہد گھمن سے )روسی کمپنیوں نے فروری 2021 تک عالمی وبا کوروناکیخلاف جنگ کیلئے ویکسین بنانے کی استعداد میں بڑے پیمانے پراضافہ کرنے کا منصوبہ بنالیا ۔ روسی وزیرصنعت و تجارت ڈینس منٹوروو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اکتوبر میں ویکسین کی 5 لاکھ جبکہ سال کے آخر تک20سے 30لاکھ تک خوراک تیار ہونگی۔ ہم اگلے سال کے فروری تک زیادہ سے زیادہ استعداد تک پہنچنے کے منصوبہ پر کام کر رہے ہیں۔ دیگر ممالک میں روس، کورونا ویکسین کی تقسیم، مشترکہ پروڈکشن انڈرٹیکنگس کا کنٹریکٹ اور بیرون ملک صحت نظام کیساتھ تعاون کرتا ہے ، اس سے مقامی ویکسین کی سپلائی منفی طور پر متاثر نہیں ہوگی۔ 11 اگست کو روسی حکومت نے سرکاری طور پر دنیا کی پہلی کورونا وائرس ویکسین کی رجسٹریشن کی جسے اسپوتنک وی کہا گیا۔ روس اب تک 20 سے زائد ممالک کیساتھ ایک ارب سے زیادہ ویکسین کی خوراک دینے اور پانچ ملکوں کیساتھ بڑے پیمانے پر بنانے کے معاہدوں تک پہنچ چکا ہے ۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے روسی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ 15 اکتوبر تک اسپوتنک وی ویکسین کے نظام الاوقات کو بیلاروس کو حتمی طور پر دے دے ۔ حفاظتی معیارات کی پاسداری نہ ہونے کے خدشات کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ہفتے روس پر زور دیا تھا کہ وہ کوویڈ 19 کی ویکسین تیار کرنے کیلئے گائیڈ لائنز کی پاسداری کرے ۔ فی الوقت روس کی تیار کردہ ویکسین عالمی ادارہ صحت کی جاری ان چھ ویکسینز کی فہرست میں شامل نہیں جو کلینیکل آزمائش کے تیسرے مرحلے میں پہنچی ہیں۔