ماسکو(شاہد گھمن سے )روسی صدر ولادیمیر پوتن نے روس کے یوم دفاع ڈیفنڈر آف فادر لینڈ کے موقع پر اسٹیٹ کریملن پیلس میں منعقدہ گالا کنسرٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی فوج اور بحریہ کو زیادہ سے زیادہ جدید بنانے کے لئے کوشاں رہیں گے ، جدید قسم کے ہتھیاروں اور سازوسامان کو افواج کو بھیجنا ہے ، جن میں لیزر ، ہائپرسونک نظام شامل ہیں۔ کریملن میں اس جشن میں آپ کے ساتھ رہ کر خوشی ہوئی اور میں سابق فوجیوں ، جوانوں ، مسلح افواج کے اہلکاروں اور تمام روسی شہریوں کو یوم دفاع کے موقع پر دلی مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔روسی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ملک اپنی فوج اور بحریہ کو زیادہ سے زیادہ جدید بنانے اور اپنی اسٹریٹجک قوتوں کی صلاحیت کو مستحکم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ بہت سارے روسی ہتھیاروں کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا جبکہ روسی فیڈریشن کی سلامتی اور دفاعی صلاحیت طویل مدت کیلئے یقینی بنا دی گئی ہے ۔ سب سے زیادہ بہادر لوگ جو فادر لینڈ سے وابستہ ہیں، سچے محب وطن ، مسلح افواج کی سب سے اہم اور مضبوط بنیاد رہے ہیں اور رہیں گے ۔ تمام کمانڈروں کا فرض ہے کہ وہ نہ صرف فوجی امور کو جانیں بلکہ اپنے ماتحتوں کو بھی تعلیم دیں۔ ، ہر چیز میں ان کے لئے نمونہ کی حیثیت سے کام کریں۔ ریاست فوجی پیشہ ور افراد کی بہت زیادہ قدر کرتی ہے اور ہم آپ کے لئے مناسب زندگی اور خدمت کے حالات پیدا کرنا جاری رکھیں گے ۔ بلاشبہ مستقبل میں اس طرح کا کام جاری رہے گا۔ ہماری افواج نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بھرپورطاقت سے شام میں دشمن کے ساتھ ڈٹ کرمقابلہ کیا اور شامی عوام کو ملک کی خودمختاری برقراررکھنے میں مددفراہم کی میں شام میں موجود اپنے روسی فوجی جوانوں کا بھی شکریہ اداکرتاہوں ۔