اسلام آباد ،راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر، این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرعزم رہیں اور اپنا فرض اخلاص اور جذبہ کیساتھ ادا کریں۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری ٹویٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے چھمب سیکٹر میں آرمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف کو بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ اب تک کی آپریشنل صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف نے زبردست آپریشنل تیاریوں پر افسروں اور جوانوں کی تعریف کی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں متاثرہ مقامی آبادی کی بھرپور مدد کی جائے ۔ انہوں نے اس موقع پر افسروں اور جوانوں کو پرعزم رہتے ہوئے اپنا فرض اخلاص اور جذبہ سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔