اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات اور مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کردی ۔وزیر اعظم آفس سے جاری مراسلہ کے مطابق و زیرِ اعظم نے کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے اعلیٰ سطح بین الوزارتی اجلاس فوری طور پر بلانے کی ہدایت کی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چین میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کے اب تک دو ہزار کنفرم کیسز دنیا بھر میں سامنے آ چکے ہیں ، پاکستان میں چینی باشندوں کی بڑی تعداد میں موجودگی اور دونوں ملکوں کے درمیان سفر کرنے والے افراد کی بڑی تعداد کے پیش نظر بروقت حفاظتی اقدامات کی غیر موجودگی میں پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کو خارج ازامکان نہیں قرار دیا جا سکتا لہذا اس سلسلے میں جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔وزیر اعظم کی جانب سے ہدایت کی کہ گئی ہے کہ اجلاس میں مرتب کی جانے والی سفارشات ایک ہفتے میں وزیرِ اعظم آفس کو پیش کی جائیں ۔15 رکنی بین الوزارتی کمیٹی کا پہلا اجلاس طلب کرلیا گیاہے ۔