کراچی؍ مانچسٹر (کامرس رپورٹر؍ این این آئی)گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر نے انوکھی منطق پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے اور روپے کی قدر کم ہونے سے اگر کچھ پاکستانیوں کو نقصان ہورہا ہے تو سمندر پار پاکستانیوں کے اہل خانہ کو فائدہ بھی ہورہا ہے ۔ایک طرف وزیراعظم عمران خان ڈالر مہنگا ہونے کے نقصانات بتاتے ہیں کہ اگر ڈالر ایک روپیہ بھی مہنگا ہوجائے تو پاکستان پر قرضوں میں کئی ہزار ارب روپے کا اضافہ اور اشیا مہنگی ہوجاتی ہیں، وہیں دوسری طرف ڈالر کو کنٹرول میں ناکام گورنر سٹیٹ بنک برطانیہ میں ڈالر مہنگا ہونے کے فوائد گناتے پھر رہے ہیں۔ رضا باقر نے برطانیہ کے شہرمانچسٹرمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کچھ لوگوں کو فائدہ اور کچھ کو نقصان ہوتا ہے ، اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ ہوتا ہے کیونکہ ان کے بھیجے پیسے ان کے پیاروں کو زیادہ ملتے ہیں، صرف ان لوگوں کی بات نہ کریں جنہیں نقصان ہوتا ہے ، جنہیں فائدہ ہوتا ہے ، ان کو بھی نہیں بھولنا چاہئے ، اس سال اگر ہماری ترسیلات زر 30 ارب ڈالر ہوجاتی ہیں اور چند ماہ میں روپے کی قدر میں 10 فیصد بھی کمی ہوئی تو اوورسیز پاکستانیوں کے خاندانوں کو 3 ارب ڈالر (500ارب روپے )اضافی ملیں گے ۔گورنر سٹیٹ بنک نے کہا پاکستان دیگر ممالک سے بھی سی پیک طرز کے معاہدے کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا پچھلے مالی سال جی ڈی پی گروتھ تقریبا 4 فیصد رہی اور 4 فیصد رئیل جی ڈی پی کا مطلب ہے کہ مہنگائی کے مقابلے میں عوام کی آمدنی میں بھی 4 فیصد اضافہ ہوا۔گورنر سٹیٹ بنک نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں مہنگائی مصنوعی ہے ،اس پر جلد قابو پالیں گے ۔ادھر گورنرسٹیٹ بنک کے بیان پرکراچی چیمبرآف کامرس نے تشویش کا اظہارکرتے ہوئے خدشہ ظاہرکیا کہ آنیوالے دنوں میں مہنگائی کا سیلاب نظرآرہا ،گیس کے بحران سے ملکی برآمدات بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔کراچی چیمبرآف کامرس کے صدرمحمد ادریس نے کہاغلط پالیسی کوصحیح ثابت کرنے سے گریزکیا جائے اورچند لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے بجائے ملک کے وسیع تر مفاد میں اقدامات اٹھائے جائیں، ڈالرکی بڑھتی قدرکا معمولی فائدہ اوربے پناہ نقصانات ہیں۔معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا روپے کے گرنے کا مطلب ہم اپنی معیشت کو تباہ ،مہنگائی کررہے ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہاہے کہ تاریخ میں پہلی بار گورنر سٹیٹ بینک کا اس طرح کا بیان دیکھا۔ ماہر معاشیات اوربزنس مین ظفر موتی والا نے گورنر سٹیٹ بینک کے بیان پر 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کبھی اس طرح کا بیان زندگی میں نہیں سنا، میں تو ا ن کے بیان پر ہنس رہاہوں۔ماہر معیشت اشفاق تولہ نے کہا ڈالر کی قدر بڑھنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔علاوہ ازیں گورنرسٹیٹ بنک رضا باقرکی نرالی منطق نے لوگوں کو انگلیاں اٹھانے پرمجبورکردیا۔سوشل میڈیا پردلچسپ میمزکی بھرمارہوگئی۔