اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی، این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سٹیم ایجوکیشن بروقت اقدام ہے ، اساتذہ اور والدین سائنس و ریاضی کے مضامین میں بچوں کی دلچسپی پیداکرنے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کریں، پاکستان میں سائنس اور ریاضی پر کم توجہ دی جا رہی ہے ، ضروری ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں سائنس و ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی سے متعلق تعلیمی منصوبے (سٹیم)کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود، صوبائی وزیر خیبر پختونخوا شہرام ترکئی، پاکستان سائنس فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد بیگ، سیکرٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر اختر نذیر اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ یہ پروگرام 2020 میں تخلیق کیا گیا، میں اور میری ٹیم محنت کرکے اس پروگرام کو عملی شکل میں لائے ہیں ۔وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے کہاہے کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ تاخیر کے باوجود یہ منصوبہ آج حقیقت بننے جا رہا ہے ، ابتدا میں 450 سکولز کے بعد زیادہ سے زیادہ سکول اس ماڈل پر آجائیں گے ۔