کراچی(این این آئی)وفاقی وزیربرائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ملک میں مزید پھانسی گھاٹ اور جیلوں کی ضرورت ہے تاکہ 35 سالوں سے ملک لوٹنے والوں کا احتساب کیا جا سکے ، میرا بس چلتا تو 5 ہزار افراد کو لٹکا دیتا،حزب اختلاف کی دونوں بڑی جماعتوں نے ملک کے ساتھ جو کیا اس کے بعد یہ تو ہاتھ ملانے کے بھی قابل نہیں ، انہیں عوام کے سامنے منہ پر کپڑا ڈال کر آنا چاہیے ۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ 35 سال سے اس ملک میں دو جماعتوں کی حکمرانی تھی جو باریاں لگا رہے تھے ، ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے رہے اور حکمرانی کرتے رہے ، انہوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا، نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل میں آرمی چیف کو شامل کرنا بہت اچھا ہے ،عمران خان نے انہیں کمیٹی میں شامل کر کے بتا دیا کہ وہ ہمارے ملازم نہیں۔ نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل سے کسی دوسری کمیٹی کو فرق نہیں پڑے گا، چاہتا ہوں کہ قانون ایسا بنے کہ جزا اور سزا کا فیصلہ فوری ہو جائے ۔حزب اختلاف کے پاس باہر نکلنے کے لیے عوامی طاقت موجود نہیں، یہ کل جماعتی کانفرنس کے بعد بھی کوئی فیصلہ نہیں کر سکیں گے ۔