لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار)احتساب عدالت اسلام آباد نے پی پی رہنما راجہ پرویز اشرف کی رتوڈیرو ریفرنس میں بریت پر فیصلہ 8 جولائی تک موخر کر دیا۔ریفرنس میں آٹھ ملزمان نے بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے جن میں سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع ، سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ بھی شامل ہیں۔ احتساب عدالت لاہور نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کرکے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ، عدالت نے قیصر امین بٹ کے پیش نہ ہونے پر سخت اظہار برہمی کیااور چیئرمین سے جواب طلب کر لیا، عدالت میں مزید دو گواہان کے بیان قلمبند کئے گئے جبکہ آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو طلب کر لیاگیا،سعد رفیق اور سلمان رفیق عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئے ۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے پارک لین ریفرنس میں فریق بنائے جانے پر نجی کمپنی ٹریکوم پرائیویٹ لمیٹڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرکے سماعت آ ج تک ملتوی کردی۔