ٹیکساس،مغربی کنارہ ،انقرہ(صباح نیوز،این این آئی) مقبوضہ مغربی کنارہ کو اسرائیل میں ضم کرنے کے منصوبے کیخلاف درجنوں فلسطینیوں ، امریکی شہریوں اورسماجی کارکنوں نے ٹیکساس سٹی میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں الحاق اور اسرائیل کی آبادکاری کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کے پرچم لہرائے ،ترک صدر اردوان نے کہا ہے کہ القدس کی حیثیت تبدیل کرنابدترین ظلم ہے ، عالمی برادری کی خاموشی اسرائیلی بدمعاشی کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔الخلیل میں صہیونیوں نے زیتون کے درخت اکھاڑ دئیے ،روکنے پرمقامی افراد سے جھڑپیں شروع کردیں جبکہ اسرائیلی پولیس نے گھر گھر چھاپوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ۔قابض صہیونی حکام نے ایک فلسطینی خاتون رہنما لینین محمد احمد الطوری کو مسلسل سولہ سال قید کے بعد رہا کردیا،ادھر سعودی عرب میں کورونا سے ایک روز میں تین فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق موساد نے حماس تنظیم کے کمانڈر کو فرار کروایا۔