لاہور ، ساہیوال ، سیالکوٹ، منڈی بہاؤ الدین، حافظ آباد، کسووال ، چیچہ وطنی ( سپیشل رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، نامہ نگار، نمائندہ 92 نیوز) منڈی بہاوالدین میں رسول روڈ پر مونگ کے قریب موٹرسائیکل سوار دو دوستوں کو تیز رفتار ٹرک نے کچل کر مار ڈالا ، دونوں دسویں جماعت کے طالب علم تھے ، نواحی گاوں کوٹ نواب شاہ کے 18 سالہ علی حسن اور 18 سالہ ثقلین اپنے دوستوں کیساتھ رسول بیراج پر پکنک پارٹی منانے کے بعد واپس گھر جا رہے تھے ، تیز رفتار بے قابو ٹرک نے انہیں کچل دیا ، ریسکیو نے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا ، دونوں جان کی بازی ہار گئے ۔ لاہور میں موبائل فون نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی،کوٹ لکھپت کے علاقے میں موبائل فون سنتے ہوئے نوجوان ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا، چندرائے روڈ گجر کالونی میں لیاقت آباد کا رضوان موبائل فون سنتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق رضوان کرکٹ میچ کھیلنے جا رہا تھا، فون سننے کیلئے رکا تو ٹرین کی زد میں آگیا۔ حافظ آباد میں مختلف حادثات میں میں خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے ، چک چٹھہ کے قریب وحید شوکت اپنی والدہ تہمینہ شوکت کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گوجرانوالہ سے حافظ آباد آرہا تھا موٹر سائیکل کو مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل جس پر ڈیرہ شاہ جمال کا رانا سعید سوار تھا نے ٹکر دے ماری ، 55سالہ تہمینہ موٹر سائیکل سے نیچے گر گئی، پیچھے سے آنے والے ڈمپر نے کچل کر جاں بحق کردیا، ڈمپر ڈرائیور فرار ہو گیا۔ وحید اور سعید زخمی ہوگئے ، کولو روڈ پر شہید چوک کے قریب رام تارڑ کا اشفاق لوڈر رکشہ پر حافظ آباد کی جانب آرہا تھا ، رکشہ تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا اور وہ موقع پر دم توڑ گیا۔ ساہیوال میں کسووال ریلوے سٹیشن کے قریب پھاٹک پر ریلوے لائن عبور کرتے 65 سالہ معمر شخص ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا، 4 چودہ ایل کا بزرگ شہری ملک صدیق کراچی سے لاہور جانیوالی علامہ اقبال ایکسپریس کی زد میں آکر موقع پر چل بسا، تھانہ کسووال پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کردی۔ سیالکوٹ میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، 70 سالہ معمر شخص برکت علی جاں بحق ہوگیا، پسرور کے علاقہ میں سبز کوٹ کے قریب حادثہ پیش آیا۔