کوئٹہ(آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے کہا ہے کہ سابق حکومتوں کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں،ریکوڈک فیصلے میں خطیر رقم کی ادائیگی کا ہم سوچ بھی نہیں سکتے ہیں، عدم ادائیگی کی صورت میں پاکستان کو بین الاقوامی سطح پرنقصان ہوگا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال نے کہا ہرجانے کی رقم کی ادائیگی حکومت بلوچستان کو کرنی ہوگی، جو بلوچستان کے تین سال کے بجٹ کے برابر ہے ۔اتنی خطیر رقم کی ادائیگی کا ہم سوچ سکتے ہیں اور نہ ہہی ادائیگی کے سوا کوئی چارہ ہے ۔اس کیس کی فیس بھی ہم دے رہے ہیں اوراب تک حکومت بلوچستان نے فیس کی مد میں ڈھائی سے تین ارب روپے کی ادائیگی کی ۔انہوں نے سابق حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر جلد بازی میں کمپنی کیساتھ معاہدے کو مسترد کرنے کی بجائے اسے مختلف خلاف ورزیوں پر مرحلہ وار نوٹس جاری کر کے معاہدے کو منسوخ کیا جاتا تو شاید آج بلوچستان کو اتنا نقصان نہ پہنچتا۔