لاہور(گوہر علی)سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ملک میں عام انتخاب کے انعقاد کا مطالبہ پورا نہ ہونے کے بعد اب مسلم لیگ(ن) نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو اپنی قوت ثابت کرنے کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور (ن) لیگ نے آزاد کشمیر کے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں ، نواز لیگ نے آئندہ سال ہونے والے آزاد کشمیر کے انتخابات کیلئے پیپلزپارٹی سے اتحاد کرنے کا آپشن بھی کھول دیا ۔مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف آزاد کشمیر کے انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں کشمیری قائدین سے ملاقاتیں بھی کریں گے ،ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) نے فیصلہ کیا کہ آزاد کشمیرمیں ہونے والے انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرکے وہاں اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے اور وفاقی حکومت کو بھی یہ پیغام دیا جائے کہ مسلم لیگ(ن) کا ووٹ بنک محفوظ اور اس جماعت کی مقبولیت ابھی تک قائم ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ مسلم لیگ(ن) کوشش کررہی ہے کہ اس کے اہم امیدوار تحریک انصاف کی ترغیب کا شکا رنہ ہو جائیں اور مسلم لیگ(ن) کو خیر باد نہ کہہ دیں،اس لئے ابھی سے آزاد کشمیر کے انتخابات کے لئے قائدین سے رابطے کئے جائیں ۔