اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینٹ قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹرسسی پلجو کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ بلڈ کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے سمری کیبنٹ کو بھیجی ہوئی ہے جیسے ہی منظور ہو گی مریضوں کو فنڈ ز کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ بلڈ کینسر کا علاج انتہائی مہنگا ہے ، غریب عوام اسکا علاج برداشت نہیں کر سکتے ۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے اور کینسر کے موذی مرض کے علاج کیلئے عوام کی مدد کرے ۔ قائمہ کمیٹی نے سمری کی جلد منظوری کی سفارش کر دی۔ ملک ہارون رمضان نے عوامی عرضداشت کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا کہ کیٹی بندر کاعلاقہ انتہائی پسماندہ ہے اور سی پیک راہداری سے صفر کلومیٹر کی دوری پر ہے ۔ صنعتی زون قائم ہونے سے 3 لاکھ لوگ مستفید ہونگے ۔چیئرپرسن سسی بلیجو نے کہا کہ بہتریہی ہے کہ معاملے کی پلانگ ڈویژن اور سرمایہ کاری بورڈ سے رائے حاصل کی جائے ۔ پسماندہ علاقوں میں صنعتی زون بننے سے علاقے کی قسمت بدل سکتی ہے ۔سرمایہ کاری بورڈحکام نے بتایاحکومت نے پہلے ہی 9 اکنامک زون کا اعلان کر دیا ہے ، سرمایہ کاری بورڈ اسکو اسٹیٹس دیتا ہے ،7 اکنامک زونز کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے جس پر قائمہ کمیٹی نے معاملہ وزارت پلاننگ ڈویژ ن کو ریفرکر دیا۔