کراچی (سپورٹس ڈیسک) سری لنکن کرکٹر کوشل مینڈس گرفتار کر لیا گیا، وکٹ کیپر بیٹسمین پر 64 سالہ شخص کو کچلنے کا الزام ہے جو سائیکل پر جا رہا تھا۔ وہ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ یہ واقعہ اتوار کی صبح کولمبو کے جنوبی علاقے پانڈورا میں پیش آیا۔ مینڈس کی ایس یو وی کار کو بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ پولیس ترجمان ایس ایس پی جلیا سینارتنے نے مینڈس کی گرفتاری کی خبر کی تصدیق کی۔ مینڈس کا طبی معائنہ کرا لیا گیا اور مقامی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ 25 سالہ وکٹ کیپر بلے باز 44 ٹیسٹ، 76 ون ڈے اور 26 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ، وہ موجودہ سری لنکن ٹیم کا حصہ تھے جس نے گزشتہ ہفتے پالی کیلے میں تربیتی کیمپ حصہ لیا تھا۔