اسلام آبادمیں میں قائم امریکی سفارتخانے نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے بارے کی جانیوالی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرنے پر معذرت کر لی ہے ۔سفارتخانے کے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانے کا اکائونٹ بغیر اجازت استعمال ہوا۔ لہٰذا امریکی سفارتخانہ سیاسی معاملات کو ری ٹویٹ یا ان کی پوسٹنگ کی حمایت نہیں کرتا۔ اگرچہ امریکی سفارتخانے نے اپنے وضاحتی پیغام میں اپوزیشن رہنما احسن اقبال کی جانب امریکی صدرٹرمپ کی شکست کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کو نشانہ بنانے کے حوالے سے سفارتخانے کے اکائونٹ سے کئے گئے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرنے پر معذرت تو کر لی ہے تاہم کسی پاکستانی اپوزیشن رہنما کے بیان کو سفارتخانے سے ری ٹویٹ کرنا سفارتی آداب کی کھلی خلاف ورزی ہے اور پاکستان کی داخلی سیاست میں مداخلت کے مترادف ہے جس کا اعادہ بہرحال نہیں ہونا چاہیے۔ بظاہر امریکی سفارتخانے کی معذرت اس شدید ردعمل کے بعد سامنے آئی ہے جس کا اظہار وفاقی وزیر انسانی حقوق، سیاسی رہنمائوں اور شہریوں کی طرف سے کیا گیا تھا ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ امر یکہ اور تمام مغربی ملکوں کو سفارتی آداب کی پابندی کرنی چاہیے اور امریکہ میں ہونے والے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کو پاکستانی سیاست اور سیاستدانوں سے مما ثلت دینے اور پاکستان کی اندرونی سیاست اور حکومتی اور اپوزیشن رہنمائوں کے بیانات میں الجھنے سے گریز کرنا چاہئے۔