راولپنڈی ( نامہ نگار خصوصی)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے مشترکہ تعاون سے چیمبر میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے حوالے سے ایک تربیتی پروگرام کا ا نعقاد کیا گیا جس کامقصد تاجر وصنعت کار برادری کو ہیومن ریسورس کی اہمیت اور اس شعبے کے حوالے سے دورِ جدید کے رائج طریقوں سے آگاہ کرنا تھا۔اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے قائم مقام صدر نوشیروان خلیل خان، نائب صدر محمدحمزہ سروش،سابق صدر میاں ہمایوں پرویز ،مجلس عاملہ کے اراکین ،سمیڈا کے ریجنل منیجر محمد اصغر اورتربیتی شرکاء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائم مقام صدر راولپنڈی چیمبرنوشیروان خلیل نے کہا کہ سمیڈا خطے میں کاروباری برادری کی ترقی اور بہتری کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے اور راولپنڈی چیمبر کے ساتھ مل کر تواتر کے ساتھ تربیتی پروگراموں کا انعقاد کرتا رہتا ہے آج کا تربیتی پروگرام کاروباری برادری کوہیومن ریسورس مینجمنٹ کے حوالے رائج طریقوں کے مطابق بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کی ترقی کے لیے ایچ آرشعبہ کو فعال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے آج کا تربیتی پروگرام کاروباری برادری کے لیے سود مند ثابت ہوگا اس موقع پرسمیڈا کے ٹرینر نے شرکاء کو ایکسپورٹ ہیومن ریسورس کے حوالے سے دور جدید اور بین الاقوامی سطح پر رائج طریقوں سے آگاہ کیا ۔