لاہو ر،ملتان( سپیشل رپورٹر،جنرل رپورٹر )مصری شاہ میں منشیات فروش گروپوں میں فائرنگ سے 2جڑواں بھائی ہلاک ہوگئے پولیس نے ملزم آصف کو گرفتار کرلیا۔فائرنگ کے واقعہ سے منشیات فروشوں کی گرفتار ی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر پولیس کی طرف سے بنائی گئی جعلی کارروائیوں کا بھانڈا پھوٹ گیا دونوں منشیات گروپوں کے خلاف درجنوں مقدمات درج تھے اس کے علاوہ پولیس کی حراست سے منشیات فروش فروش چھڑانے کا بھی مقدمہ درج تھا دونوں گروپوں کے درمیان علاقہ میں منشیات فروشی کے لین دین پر شروع ہوا ، بتایا گیا ہے کہ مصر ی شاہ کے علاقے چمڑہ منڈی میں رحمان اور آصف مسیح دونوں گروپ منشیات فروش تھے ، لین دین کے اختلاف کی وجہ سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ، فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو سگے جڑواں بھائی رحمان صادق اور فیضان صادق دم توڑ گئے جبکہ زخمی ہونے والا 32سالہ منیر حسین ہسپتال میں زیر علاج ہیں ،منیر حسین مقتولین کا کزن ہے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم آصف مسیح کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ملزم آصف مسیح کو بائیں ٹانگ پر گولی لگی دیگر ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے ۔دریں اثنا ملتان سے جنرل رپورٹر کے مطابق رشتہ کے تنازع پر 7سالہ بچی ،دیور کے ہاتھوں بھابھی قتل ہوگئی۔ شاہ شمس کے علاقے میں ناصر کا اپنے بھانجے ثمر عباس کے ساتھ رشتے کا تنازع چل رہا تھا،ثمر ناصر کے گھر پہنچا اور ناصر پر فائر کیا نشانہ چوکنے پر ساتھ ہی موجود ناصر کی 7 سالہ بچی مسکان کو گولی لگ گئی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ ملزم فرار ہوگیا۔شاہ جمال سے نامہ نگار کے مطابق موضع کچہ کینجھر گوپانگ چوک کے رہائشی شبیر احمد کی بہن شمیم بی بی کی شادی محمد شکیل سے ہوئی جس کے بھائی عباس نے جھگڑوں پر شمیم کو قتل کر دیا،مقتولہ کے بھائیوں رفیق اور شبیر نے لاش جتوئی روڈ پل ڈاٹ کے مقام پر رکھ کر جتوئی روڈ بند کر دی جو کئی گھنٹے بند رہی ۔ پپلاں سے نامہ نگار کے مطابق چند روز قبل مظہر قریشی کا دھبہ چوک کے رہائشی 20 سالہ نوجوان شیراز سے جھگڑا ہوا ،معاملہ رفع دفع ہوا مگر گزشتہ روزدوپہرکے وقت سابقہ رنجش پہ مظہر نے آکر شیراز کو للکارا اورپستول کا فائر مار کے اسے قتل کر دیا ۔لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق پولیس نے کوٹ لکھپت کے علاقے عوامی کالونی میں کھڑی گاڑی سے نوجوان شیراز کی لاش برآمد کرلی ۔نواں شہر سے نامہ نگار کے مطابق حدود خطی چور کھوہ منگڑاں والا کے نزدیکی باغ سے معمر شخص بشیر احمد کی درخت سے لٹکی لاش ملی اہلخانہ نے قتل کا الزام لگایا ہے ۔