مدینہ منورہ(عظیم احمد یزدانی سے )مدینہ منورہ إمام وخطیب المسجد النبوی ڈاکٹر الشیخ عبدالمحسن بن محمد بن عبد الرحمن بن قاسم نے کہا ہے کہ مسلمان اچھے نیک صالح اعمال کے ساتھ اخلاص اور تقویٰ اختیار کریں،ریا کاری سے نیک اعمال اللہ تعالیٰ کے حضور قابل قبول نہیں،شرک بہت بڑی لعنت ہے ،آج سے صرف توحید و سنت کے مطابق جملہ عبادات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت و فرمانبرداری اختیار کی جائے ۔مسجد النبوی الشریف میں خطبہ جمعہ میں شریک لاکھوں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الشیخ عبدالمحسن بن محمد بن عبد الرحمن بن قاسم نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں تم میں دو چیزیں چھوڑ کر جارہا ہوں۔ایک کتاب اللہ اور دوسری میری سنت،بس تم ان دونوں کو اختیار کرنااگر انکو چھوڑ دیا۔تو گمراہی کا شکار ہو جاؤ گے ۔آپکی پیروی سے ہی مسلمان فتنہ و فساد،ذلت و گمراہی سے بچ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا حجاج کرام حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ آتے ہیں۔یہ حج کا رکن و حصہ نہیں۔یہاں آکر مسجد النبوی میں نماز کی ادائیگی،مسجد قباء میں دو نوافل پڑھنا،مقبول عمرہ کا ثواب ہے ۔اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں اور نہ ہی کوئی نفع و نقصان کا مالک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیک اعمال کے بعد خدا سے اسکی قبولیت کا سوال کیا جائے ۔یہ نبی کریم کا طریقہ اور حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے ۔