ملتان (خبر نگار) وفاقی وزیر مذہبی امور و حج پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ حجاج کی مشکلات دور کرنے کے لئے کوشش ہے کہ حج پالیسی 3سال کے لئے بنائی جائے اور حج کی قرعہ اندازی بھی تین سال کے لئے ہو تاکہ حج کے کرایوں میں ہر سال اضافہ نہ ہو۔ ملتان میں حج آرگنائزیشن جنوبی پنجاب کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہا کہ ہمارا مقصد حج کے سفر کو آسان سے آسان اور حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے ،اس سلسلے میں انڈونیشیا ، ایران اور ملائیشیا کی حج پالیسیوں کو ماڈل بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر میں جب سعودی حکومت سے حج انتظامات کے سلسلے میں مشاورت ہو گی تو تمام تر سفارشات اس میٹنگ میں رکھی جائیں گی اور عملد ر آمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔ دریں اثنا اسلامیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام پہلی قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست مدینہ ہمارے لیے ماڈل ہے ۔