لاہور(نمائندہ خصوصی سے )محکمہ اوقاف پنجاب نے مخدوم الاولیاء حضرت علی بن عثمان الہجویریؒ المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اﷲ علیہ کے 976ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کے انعقادکے لئے عرس گرانٹ کی مد میں 1کروڑ روپے جاری کر دئیے ۔ سالانہ عرس 18اکتوبر سے 20 اکتوبر2019 ء آپ کے آستانہ عالیہ لاہور میں ہوگا۔حضرت داتاگنج بخشؒ علی ہجویری کے سالانہ عرس مبارک کے مکمل انتظامات کے بار ے میں صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار کی ساتھ میڈیا کو بریفنگ دیں گے ۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکر ٹری اوقاف محمد اطہر مسعود، ڈائریکٹر فنانس ملک عبد الوحید، ڈائریکٹر پراجیکٹ حامد مسعود، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن رائو ندیم اختر،منیجرز داتا دربار جمیل شیخ، طاہر مقصود،نعمان سیفی ، شفقت عباس ، ترجمان اوقاف آصف اعجاز و دیگر بھی موجود ہوں گے ۔دریں اثنا عرس کے آغاز سے قبل داتا دربار کمپلیکس میں دو صوبائی اور ایک ذیلی ادارے نے مشترکہ طور پر عملی مشقیں کیں۔ اس ضمن میں سوموار کو داتا دربار کمپلیکس میں محکمہ اوقاف کے سول عملہ ، گارڈز، نجی سیکورٹی کمپنی کے گارڈز کے ساتھ پولیس کے تعینات ملازمین کو بھی کسی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت کی گئی۔ ایڈمنسٹریٹر داتا درباربابر سلطان گوندل، منیجرز شیخ جمیل، طاہر مقصود، نعمان سیفی نے بھی مشقوں میں عملی طور پر حصہ لیا ۔ عملی تربیت کے آغاز سے قبل سول ڈیفنس، پولیس اور ریسکیو 1122 نے سیکورٹی عملہ کو بریفنگ دی۔