لاہور (صباح نیوز)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں کیلئے 1200 ارب کے ریلیف پیکج کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدی شعبے کے 100ارب روپے کے ریفنڈ سے سرمائے کی قلت ختم کرنے میں مدد ملے گی ، حکومت کوہر لمحے بدلتی صورتحال کے مطابق پالیسیاں مرتب کرنا ہوں گی ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر،کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ، وائس چیئرمین شیخ عامر خالدسعید، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ریاض احمد، سعید خان ، محمد اکبر ملک، اعجاز الرحمان اور دیگر نے اپنے مشرکہ بیان میں کیا۔عہدیداروں نے کہا کہ موجودہ حالات شرح سود میں مزید کمی کے متقاضی ہیں ، موجودہ حالات میں برآمدی شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اسے حکومتی سرپرستی کی پہلے سے بڑھ کر ضرورت ہے ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ برآمدی شعبے کے لئے زیرو ریٹڈ ریجیم کو بحال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے اعلانات پر پیشرفت کے لئے خود اس کی مانیٹرنگ کریں،100ارب روپے کے ریفنڈ کا جلد ازجلد اجراء کیا جائے تاکہ مارکیٹ سے سرمائے کی قلت ختم ہو۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہر شعبہ حکومت کے شانہ بشانہ ہے اور ہم نے ایک قوم بن کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرناہے ۔