لاہور( سپیشل رپورٹر)پنجاب ایمرجنسی سروس نے ریسکیولاسٹ ہیلپ لائن- 1192کا آغاز کر دیا جس کے تحت فائر ، ایکسیڈنٹ ، عمارتیں گرنے اور بم دھماکوں کے لاوارث مریضوں کو ان کے گھرانوں کے ساتھ ملایا جائے گا۔ پنجاب ایمرجنسی سروس روزانہ کی بنیاد پر 3000ایمرجنسی ز پر پنجاب بھر میں لوگوں کو ریسکیو سروس فراہم کر رہی ہے جس میں بعض اوقات ایسے حادثے کے شکار لوگوں کو ریسکیو سروس فراہم کی جاتی ہے جن کے پاس کوئی پہچان کی دستاویز موجود نہیں ہوتیں جن میں بے ہوش اور مردہ لوگ خاص طور پر شامل ہیں۔ اس لیے یہ وقت کی اہم ضرورت تھی کہ کوئی ایسا نظام بنایا جاتا کہ ان بے سہارا لوگوں کو ان کے خاندانوں کے ساتھ ملایا جاتااسی مقصد کے لیے ریسکیو لاسٹ ہیلپ لائن کے ٹیسٹ رن کاآغاز کیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی فردمتعلقہ ہیلپ لائن پر رابطہ کرکے معلومات حاصل کر سکے ۔ ان خیالات کا اظہار بانی ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر نے 1192ریسکیو لاسٹ ہیلپ لائن کے ٹیسٹ رن کے موقع پر کیا۔ اس موقع ریسکیو ہیڈ کوارٹرزاور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے سنئیر آفیسرز کے ساتھ ساتھ میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ سروس حادثے کے شکار مریضوں کو انکی فیملیز سے ملانے میں معاون ثابت ہوگی۔ ڈزاسٹر اور میجر ایمرجنسی میں صورتحال اور زیادہ پریشان کن ہو جاتی ہے جب لوگ حادثے کے نتیجے سے خوف اور بد حواسی کا شکار ہوتے ہیں جس سے ایسے کیسز میں اضافہ ہو جاتا ہے اورایسے کسی نظام ،سہولت کی عدم موجودگی کی وجہ سے صورتحال اور مشکل ہو جاتی ۔