لاہور(خصوصی رپورٹ)ریسٹورنٹ انوائس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے لاہور،فیصل آباد اور راولپنڈی کے ریسٹورنٹس سے 3 ارب 95 کروڑ روپے سے زائد سیلز ٹیکس کی وصولی کی جا چکی ہے ۔سیلز ٹیکس کی وصولی پنجاب کے جدید ریسٹورنٹ انوائس مینجمنٹ سسٹم کے تحت ممکن ہوئی جسے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈنے پنجاب ریونیو اتھارٹی کیلئے ستمبر 2015 میں وضع کیاتھا۔یہ جدید نظام کھانے کے کاروبار کو ٹیکس اتھارٹیوں کیساتھ رجسٹرڈ کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے ۔اس نظام کے تحت 600 سے زائد ریسٹورنٹس سے 2کروڑ 40لاکھ ٹیکس رسیدیں وصول کی جا چکی ہیں۔آر آئی ایم ایس کی ٹیمیں متعلقہ ریسٹورنٹس میں جا کر وصول شدہ ٹیکس کی رقم اور انکی نگرانی کو یقینی بناتی ہیں۔آر آئی ایم ایس میں ای میل نوٹیفکیشن سسٹم بھی ہے جو ریسٹورنٹس سے موصول نہ ہونیوالے ٹیکس کی نشاندہی کرتا ہے ۔ ٹیکس وصولی کے اس آسان اور جدید نظام کو پنجاب کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جا رہی ہے ۔