مکرمی! بڑھتی آبادی کی وجہ سے سڑکو ں پر ٹریفک اور حادثات میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق ایک تہائی ٹریفک حادثات تیز رفتاری اورغفلت کے باعث ہوتے ہیں،،اگر آپ کسی بھی ملک کی ترقی کو دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کی سڑکوں کا حال دیکھ کر کیا جا سکتا ہے،، اسی طرح اگر کسی ملک کے عوام کو دیکھنا چاہتے ہیں کہ وہ کتنے مہذب اور ملکی قوانین کے کتنے پابند ہیں تو وہاں کی ٹریفک سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اورکوتاہی اپنی جگہ جس کی سزا ضرور ملنی چاہیے،،، مگرپہلے ہی سے غربت کی چکی میں پسے عوام کے لئے جرمانوں کو بڑھا نے کی منطق سمجھ نہیں آئی۔پنجاب میں نئے جرمانوں کے تحت اوور سپیڈنگ پر 2500روپے جبکہ بس کو 10ہزار جرمانہ ،،،اسی طرح سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ پر 3ہزار روپے، ڈرائیونگ کے دوران فون سننے پر 2ہزار سے 5ہزار جرمانہ ہو گا۔غیرمتعلقہ لین میں ڈرائیونگ کرنے والے افراد کو ایک ہزار سے لے کر5 ہزار روپے جرمانہ ہو گا،، سائن بورڈ کی خلاف ورزی پر جرمانہ 200سے بڑھا کر 2ہزار کرنے کا فیصلہ تو کیا مگر گاڑی مالکان سراپا احتجاج بن گئے ۔فارورڈ گڈز اوربس مالکان کی ہڑتال کے بعد وزارت مواصلات نے موٹرویز اور قومی شاہراؤں پر بھاری جرمانوں کے لیے 11 دسمبر کو جاری کیا جانے والا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ وزارتِ مواصلات نے اس بارے میں موٹر ویز پولیس اور متعلقہ اداروں کو مطلع بھی کردیا ہے، بھاری جرمانوں کا نوٹیفکیشن ٹرانسپورٹرز کے ساتھ حکومت کے کامیاب مذاکرات کے بعد واپس لیا گیا۔ کسی بھی ملک میں ٹریفک قوانین اس لئے بنائے جاتے ہیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے کیونکہ ہر شخص حادثات کا شکار ہو سکتا ہے۔ انسان کی زندگی بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہے اور ہر انسان کو اپنی جان پیاری ہوتی ہے۔ ٹریفک قوانین کی پابندی سے آپ کی قیمتی جان بھی بچ سکتی ہے اور دوسروں کی بھی۔ ایک انسان کی جان کو بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہوتا ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال، سیٹ بیلٹ نہ باندھنا اور موٹر سائیکل پر ون ویلنگ سے انسان حادثات کا شکار ہو سکتا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ قوانین کی ہر گز پامالی نہ کریں اور اپنے آپ کو ایک ذمہ دار اور محب وطن شہری ثابت کریں۔ ٹریفک کی جانکاری نہ صرف بڑوں بلکہ بچوں کے لئے بھی ازحد ضروری ہے کیونکہ یہ نونہال مستقل ہوتے ہیں۔ بچے دوران سفر اپنے والدین یا ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین کی پابندی پر قائل کر سکتے ہیں۔ والدین کو بھی چاہیے کہ بچوں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ ان کے بچے اچھی عادات اپنائیں۔ ( گلفام شہزادی )