اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ شعبہ معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے کیونکہ تقریبا 40 سے زائد صنعتوں کی ترقی اس شعبے سے وابستہ ہے لیکن حکومت نے نئے سالانہ بجٹ میں اس شعبے پر ٹیکسوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے جس وجہ سے رئیل اسٹیٹ شعبے کا کاروبار بہت متاثر ہو رہا ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ رئیل اسٹیٹ شعبے پر عائد ٹیکسوں پر نظرثانی کرے جس سے معیشت بہتر ترقی کرے گی اور روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن,اسلام آباد کے صدر ملک نجیب کی جانب سے دیئے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ حکومت نے اپنی پانچ سالانہ مدت کے دوران کم آمدنی والے طبقے کیلئے 50لاکھ گھر اور ایک کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کا ہدف رکھا ہے اور اگر حکومت رئیل اسٹیٹ شعبے کی ترقی پر بہتر توجہ دے اور اس پر عائد ٹیکسوں میں کمی کرے تو یہ شعبہ نہ صرف حکومت کو گھروں کی تعمیر اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اہداف حاصل کرنے میں تعاون کر سکتا ہے بلکہ معیشت کو مشکلات سے نکال کر پائیدار ترقی کے راستے پر ڈالنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے ۔