لاہور،کراچی (نیوز رپورٹر،کرائم رپورٹر ،این این ائی) ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اورعارضی ملازمین کو مستقل کرنے اور دیگر مطالبات کو پورا کرنے کیلئے ریل مزدور اتحاد کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا ) نے بھی وفاقی بجٹ کیخلاف احتجاجی مہم کا آغاز کر دیا ۔گزشتہ روز بھی ریل مزدور اتحاد کے زیراہتمام ریلوے ورکشاپس مغلپورہ ڈویژن میں ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر انکے مطالبات درج تھے ۔مظاہرین نے کہا کہ مایوس کن بجٹ واپس لیاجائے ، ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہوا تو پورے پاکستان میں کوئی انتہائی ا قدام کرنے پر مجبور ہونگے ۔ ادھر ظہور الٰہی روڈ پر ایپکا کی ریلی کیلئے پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ۔ایس ایس پی آپریشنز لاہورفیصل شہزادنے ریلی کے روٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈی ایس پی گلبرگ شہزاد رفیق، ایس ایچ او غالب مارکیٹ و دیگر متعلقہ پولیس افسر موقع پر موجود تھے ۔ایپکا سپریم جنرل کونسل کی ہدایت پر بدھ کو کراچی تعلیمی دفتر بولٹن مارکیٹ میں ملازمین نے دھرنا دیا۔احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا کراچی کے سینئر نائب صدر عبد القدیر صدیقی ،جنرل سیکرٹری عبد القدوس شیخ اور دیگر نے کہا کہ ایپکا 5نکاتی مطالبہ کی منطوری کیلئے احتجاج کر رہی ہے ۔تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے بڑھائی جائیں ،درجہ چہارم کے ملازمین کی تنخواہ ایک تولہ سونے کے برابر کی جائے ،پنشن میں25فیصد اضافہ کیا جائے اور غیر تدریسی عملے کو ٹائم سکیل دیا جائے ۔