لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان ریلوے لیبر یونین کی اپیل پر موجودہ مہنگائی، تنخواہوں میں ناکافی اضافہ اور سکیلوں میں اضافہ کیلئے ٹیکنیکل الائونس 11 اور 15 فیصد کی بجائے 25 فیصد کرانے کے لیے ، کنٹریکٹ اور ٹی ایل اے ملازمین کو مستقل کروانے کے لیے لوکو ڈیزل انجن شیڈ لا ہور میں احتجاج کرتے ہوئے لوکو ڈیزل انجنوں کو روک دیا گیا۔ 3 گھنٹے کسی انجن کو شیڈ سے نہیں نکلنے دیا اور تمام انجنوں کو بند کر کے مکمل خاموش کروادیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے ریلوے لیبر یونین کے قائد محمد سرفراز خان نے اعلان کیا کہ اگر 3 جولائی تک ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیئے گئے تو ہم ریلوے ہیڈ کوارٹر کا گھیراؤ کریں گے ۔ میاں محمود ننگیانہ نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے سکیلوں کی اپ گریڈیشن کا وعدہ کیا تھا۔ جو پورا نہیں کیا گیا۔چوہدری عنایت علی گجر نے کہا کہ بجٹ میں مہنگائی سے مزدوروں کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ 10 فیصد مہنگائی الاونس واپس لے کر 50 فیصد مہنگائی الاونس کیا جائے ۔ احتجاجی جلسہ سے دیگر نے بھی خطاب کیا۔