لاہور( حافظ فیض احمد) ریلوے کے اخراجات میں کمی اور محکمہ کو منافع بخش بنانے کے لئے شعبہ الیکٹریکل نے بزنس پلان کے تحت بجلی کے بلوں کی مد میں رقم3ارب سے کم کر کے 1ارب روپے سے بھی کم کرنے کیلئے پلان تیار کرکے تجاویز وزارت ریلوے کو ارسال کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شعبہ الیکٹریکل ریلوے بجلی کے بلوں کی مد میں لیسکو سمیت ملک بھر کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو سالانہ3ارب روپے کی ادائیگی کرتی ہے ، ریلوے حکام بجلی خرید کر اپنی کالونیوں کو فراہم کرتے ہیں۔ ریلوے کی تمام کالونیوں میں گھروں کی تعداد24ہزار ہے جبکہ دفاتر، ورکشاپس، فیکٹریاں، ریلوے سٹیشن الگ ہیں۔تجاویز کے تحت ریلوے سٹیشنوں کو مرحلہ وار سولر انرجی سسٹم پر منتقل کیا جائیگاجبکہ ریلوے کالونیوں میں بجلی کا نظام متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے حوالے کیا جائے گا جس کے لئے کام جاری ہے ،پہلے مرحلے میں مغلپورہ میں عبدالحمید کالونی کا نظام لیسکو کے سپرد کر دیا گیا ہے جہاں بجلی کا نیا سسٹم لگایا جائے گا ۔کالونی میں بجلی کے میٹر اور پول اور کیبل نئی بچھائی جائے گی جبکہ ملازمین اپنے بجلی کے بل خود متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنی کو ادا کریں گے ، دیگر ریلوے کالونیز کے حوالے سے شعبہ الیکٹریکل نے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور پلان تیار کر کے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ارسال کئے جائیں گے ۔ ریلوے کے شعبہ الیکٹریکل نے کئی سال قبل تجویز دی تھی کہ کالونیوں میں بجلی کا کنٹرول ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے سپرد کر دیا جائے ۔سابق وزیر ریلویز سعد رفیق نے اپنے دور حکومت میں کوشش کی لیکن وہ بھی اس میں ناکام رہے تاہم وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے وزارت پانی و بجلی سے بات کی اور پہلے مرحلے میں لاہور میں ریلوے کی ایک کالونی لیسکو کے سپرد کرنے کے متعلق تمام معاملات طے پا گئے ، بعدازاں مرحلہ وار دیگر ریلوے کالونیوں میں بجلی کا نظام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے حوالے کیا جائے گا۔