ملتان، خانیوال،ٹوبہ ٹیک سنگھ،شورکوٹ چھاؤنی (نمائندہ خصوصی،نامہ نگار،ایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیدنے کہا ہے کہ سب چوروں ڈاکوؤں سے جان چھوٹ جائے گی، ریلوے کی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ ریلوے سٹیشن پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور سے کراچی جانے والی شالامار ایکسپریس پر ٹوبہ ٹیک سنگھ ریلوے سٹیشن پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے ٹوبہ ٹیک سنگھ ریلوے سٹیشن سے ملحقہ ٹیکو پارک کا جائزہ لیتے ہوئے اسکی بحالی کیلئے 10لاکھ روپے گرانٹ مہیا کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے شہریوں کے مطالبہ پر تیز رفتار مسافر ٹرینوں کے ٹوبہ ٹیک سنگھ ریلوے سٹیشن سٹاپ اور گاڑیوں میں سیٹوں کا کوٹہ بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔ علاوہ ازیں شور کوٹ چھاؤنی ریلوے سٹیشن پر آمد وزیر ریلوے شالامار ایکسپریس پر 2منٹ پہلے پہنچ گئے ۔ ڈی ایس آفس ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوگوں سے تیز ترین ٹرینوں کاوعدہ کیا تھا جوہم 12فروری کو تھل ایکسپریس کاافتتاح کرکے پورا کرنے جارہے ہیں۔ 12فروری سے نئی تیزرفتارٹرین تھل ایکسپریس چلائی جارہی ہے ۔وزیراعظم اس ٹرین کا راولپنڈی سے افتتاح کریں گے ۔ریلوے کو کماؤ پتر بنائیں گے ۔جدید ٹریکر سسٹم 12فروری کو فعال ہونا شروع ہوجائے گا۔وائی فائی تمام ڈویژنل سٹیشنوں پر فعال کردیئے ہیں ۔فریٹ ٹرینوں کے لیے کراچی میں ہیڈکوارٹر بنالیا ہے ۔ دو دن کراچی ،دودن لاہور میں بیٹھوں گا۔سیاسی حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ بلورانی سے صلح ہوچکی ہے ان کے بارے کوئی بات نہیں کروں گا۔میں جھوٹا نہیں سچا آدمی ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جاناپڑے گا۔عوام کا جذبہ دیکھا ہے وہ کہتے ہیں کہ بھوکے مرجائیں گے لیکن کرپٹ عناصر کو نہیں چھوڑنا۔انہوں نے مزید کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کے رویہ سے لگتا ہے دال میں کچھ کالا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو کراچی اور راولپنڈی کے مابین تیز ترین ٹرین جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے ۔ ریلوے کا خصوصی ڈبہ 5 لاکھ روپے میں کرائے پر لیا جاسکتا ہے ۔آج عمران خان سے ملاقات کروں گا۔شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ جا رہا ہوں ان کے خلاف کرپشن کے درجنوں کیسز ہیں،اب کرپٹ لوگ احتساب کے چیئر مین بن رہے ہیں۔ بعد ازاں ڈی ایس آفس کے سبزہ زارمیں میڈ یا سے گفتگو کرنے سے قبل شجرکاری مہم کے تحت پودا لگا کر دعا کرائی۔