لاہور(حافظ فیض احمد) وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد ریلوے ہیڈ کوارٹرزمیں افسران اور اہلکاروں کی تاخیر سے آمد پر برہم ہو گئے ، بروقت حاضری یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک مشینوں کی تنصیب کی ہدایات جاری کر دیں، بائیو میٹرک مشینیں نصب کرنے کے لئے ٹینڈرز جاری ہو گئے ، افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاخیر سے آنے والوں کی پورے دن کی تنخواہ کاٹے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔ شیخ رشید احمدیکم اپریل کو صبح نو بجے کیمپ آفس پاکستان ریلویز ہیڈ کوارٹر پہنچے تو چیف ایگزیکٹو آفیسر، سینئر جنرل مینجر اور ایڈیشنل جنرل مینجرمکینیکل کے علاوہ کوئی دوسرا افسر دفتر میں حاضر نہیں تھا جس پر وفاقی وزیر نے سخت ناگواری کا اظہار کیا۔ ابتدائی طور پر ریلویز ہیڈ کوارٹرمیں پانچ داخلی راستوں پر بائیو میٹرک مشینیں نصب کی جائیں گی ۔ریلویز ذرائع کے مطابق ڈویژنل آفسز میں بھی بروقت حاضری یقینی بنانے کے لئے حاضری رجسٹر رکھے جا رہے ہیں جو دفاتر کھلنے کے اوقات کے فوری بعد اٹھا لئے جائیں گے اور تاخیر سے آنے والوں کو غیر حاضر تصور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹرین آپریشنز ونگ میں تاخیر تک بیٹھ کر کام کرنے والے افسران کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے کہ اگر انہیں دفتر سے تاخیر سے جانے کے بعد اگلے روز وقت مقررہ پر آنے کے لئے مجبور کیا جائے گا تو وہ رات کو تاخیر سے جانے کی بجائے وقت مقررہ پر ہی دفتر چھوڑ دیا کریں گے ۔ ذ رائع کے مطابق قبل ازیں بعض برانچوں میں اہلکار اپنے مقررہ وقت سے ایک سے دو گھنٹے تاخیر سے دفتر آتے تھے تاہم مشینوں کی تنصیب کے بعد ریلویزہیڈ کوارٹر میں اہلکاروں کے تاخیر سے آنے اور جلد چلے جانے کا سلسلہ بھی ختم ہو جائے گا۔