لاہور(نیوز رپورٹر)راولپنڈی ایکسپریس ٹرین کے ساتھ بوگی نہ لگنے پر مسافروں نے ریلوے سٹیشن پر شدید احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔مسافروں کے بڑھتے ہوئے احتجاج کے باعث ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد مسافر کوچ لگا دی گئی ۔ لاہور سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ٹرین راولپنڈی ایکسپریس کے ریک کے ساتھ 8نمبر کوچ نہ لگائی گئی اور جب مسافر ریلوے سٹیشن پہنچے تو پتہ چلا کہ جس بوگی میں ان کی ٹکٹیں بک ہوئی ہیں مذکورہ کوچ ٹرین کے ساتھ لگائی ہی نہیں گئی جس پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے اور ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی بکنگ ہونے کے بعد ٹرین کے ساتھ کوچ نہ لگانا ریلوے انتظامیہ کی نا اہلی ہے اور ایسے لگ رہا ہے جیسے ریلوے میں غلام احمد بلور دوبارہ آرہا ہے وفاقی وزیر اور جنرل مینجر ریلوے کو اس بات کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز بھی لاہور سے کراچی جانے والی ٹرینیں بزنس ایکسپریس،قراقرم ایکسپریس،عوامی ایکسپریس،شاہ حسین ایکسپریس سمیت بعض ٹرینیں تاخیر سے روانہ ہوئیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کے حادثات اور ٹرینوں کے لیٹ ہونے کے حوالے سے رپورٹ وفاقی وزیر ریلوے کو بھی ارسال کی گئی ہے ۔