دبئی (سپورٹس ڈیسک) نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنی ٹاپ ٹین پوزیشن بچانے میں کامیاب رہے ، انہوں نے 10 ویں پوزیشن پر اکتفا کیا۔ کین ولیمسن، اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، جو روٹ، ویرات کوہلی، رشابھ پنت، روہت شرما، ہنری نکولس اور ڈیوڈ وارنر بالترتیب پہلی تا 9 ویں نمبر پر ہیں۔ کیوی بیٹسمین ڈیون کونوے نے لمبی چھلانگ لگا دی، لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف میڈن ٹیسٹ میں 200 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت 447 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ نمبر77 پر پہنچ گئے ، یہ نیوزی لینڈ کے کسی بلے باز کا میڈن ٹیسٹ کے بعد سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس ہے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے لمبی چھلانگ لگانے والے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ ٹم ساؤتھی نے باؤلرز کی درجہ بندی میں کیریئر کی بہترین تیسری پوزیشن پر براجمان ہوگئے ۔